سموگ کم از کم سطح پر لانے کیلئے متعلقہ محکموں سے پلان طلب

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)کمشنر سلوت سعید نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی انسانی صحت کے لیے خطرے کے ساتھ ساتھ کرہ ارض کے لیے بھی سنگین مسئلہ ہے ۔
ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلیاں ہمارے ملک کے لیے بڑا خطرہ ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے حکومتی کاوشوں میں حصہ ڈالنا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژن بھر میں سموگ پری وینشن اینڈ کنٹرول رولز 2023 پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیااورسموگ کو کم از کم سطح پر لانے کے لئے تمام متعلقہ محکموں سے جامع پلان طلب کر لیا۔انہوں نے انسداد سموگ کے حوالے سے جاری اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ بار بارانسدادسموگ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو سیل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چاول اور دیگر فصلوں کی باقیات کو جلانے سے روکنے کے لئے کاشتکاروں کواس سنگین مسئلہ سے آگاہی دینے ، ان کی رہنمائی کرنے اور قابل عمل سفارشات پر عمل در آمد کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔