بارشوں سے انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی چھتیں ٹپکنے لگیں
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)سٹیٹ آف دی آرٹ کہلانے والا فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی چند روز کی بارشیں نہ جھیل سکا۔
بارش کے باعث ہسپتال کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔راہداری پانی پانی ہوگئی جس کے باعث مریض پریشانی سے دوچار ہوگئے جبکہ ہسپتال انتظامیہ بالٹیاں رکھ کر چھتوں سے گرتا پانی پھیلنے سے روکنے کی کوشش کرتی رہی۔ شہر میں گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں کے سلسلے نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی چھتوں کے ناقص ہونے کا بھی پول کھول دیا۔ ہسپتال کی تیسری منزل پر واقع کارڈیالوجی وارڈ کی چھت سے بارش کے پانی کا فوارہ چل پڑا جس سے وارڈ کی راہداری میں پانی جمع ہوگیا جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب مریضوں کا وارڈ سے باہر نکلنا بھی مشکل ہوگیا جس پر انہوں نے انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کروڑوں لاگت سے بنے ہسپتال کی صورتحال انتہائی ناقص نظر آ رہی ہے ۔ چند روز ہونے والی بارشوں نے ہی ہسپتال کی عمارت کی تعمیر پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ہسپتال کی چھتوں کی حالت کو سنوارا جائے اس سے پہلے کہ کوئی بڑا حادثہ رونما ہو۔ واضح رہے کہ اس سے پیشتر بھی شہر کے ہسپتالوں کے وارڈ بارشی پانی سے متاثر ہو چکے ہیں۔