ہاؤسنگ سو سائٹیز میں انسداد ڈینگی اقدامات پرعمل جاری

 ہاؤسنگ سو سائٹیز میں انسداد ڈینگی اقدامات پرعمل جاری

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ایف ڈی اے کے زیر اہتمام ڈینگی روک تھام کیلئے پانچ مانیٹرنگ ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جو پرائیویٹ ہاؤسنگ سو سائٹیز میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے سرویلنس کی ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں۔

یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئی جس میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کی صورت حا ل کاجائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عابد بھٹی،چیف انجینئر مہرایوب گجر، ڈائریکٹر جنید حسن منج، عاصم محمود، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ اوردیگر افسروں نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈینگی وائرس کی تدارک کیلئے احتیاطی و حفاظتی تدابیر پر من وعن عملدرآمد انتہائی ضروری ہے کیونکہ موجودہ موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کیلئے موزوں ہونے کے باعث ہرسطح پر انسدادی اقدامات پر ذمہ دارانہ عملدرآمد وقت کا اہم ترین تقاضا ہے ۔ انہوں نے افسروں سے کہاکہ وہ مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیں اور مختلف علاقوں میں خود جاکر انسداد ڈینگی اقدامات کو چیک کریں۔ انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس میں غفلت یا کوتاہی نہیں ہونی چاہیے تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں آگاہی مہم کو جاری رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو معلوماتی بینرز، سٹمیرآویزاں کرنے کیلئے متحرک کریں جبکہ انہیں ڈنیگی سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر شعوری انداز میں عملدرآمد کا پابند بنائیں تاکہ پارکوں،گرین بیلٹس، خالی پلاٹوں زیر تعمیر گھروں اوردیگر جگہوں پر صفائی ستھرائی اور ماحول کو خشک رکھنے کیلئے ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے والوں کے مقدمات درج کرائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں