الائیڈ ہسپتال سے نومولود بچوں کی سرجری وارڈ دور منتقل

الائیڈ ہسپتال سے نومولود بچوں کی سرجری وارڈ دور منتقل

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال انتظامیہ کا انوکھا کارنامہ، تعمیر و مرمت کے نام پر مریضوں کے لیے مسائل کے پہاڑ کھڑے کردیئے ۔۔۔

نومولود بچوں کی ایمرجنسی اور نرسری الائیڈ ہسپتال جبکہ سرجری وارڈ جنرل ہسپتال غلام آباد ہسپتال میں بنا دی گئی۔ الائیڈ ہسپتال میں جاری تعمیراتی کام کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے ساتھ انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی بھی مریضوں کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے ۔ انوکھی منطق کے تحت نومولود بچوں کی ایمرجنسی اور نرسری الائیڈ ہسپتال جبکہ وارڈ کئی کلومیٹر دور جنرل ہسپتال غلام آباد میں بنا دی گئی جس پر شہری سیخ پا ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں بچوں کو الائیڈ ہسپتال لاتے ہیں جنہیں سرجری کی ضرورت ہو تو غلام آباد ہسپتال لیجانے کا کہہ دیا جاتا ہے ۔ انتہائی نازک حالت میں نومولود بچوں کو طویل فاصلے پر منتقلی کے دوران جان جانے کا خطرہ رہتا ہے لیکن انتظامیہ کو اس کی پرواہ نہیں۔ انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ سے معاملے کا نوٹس لینے اور مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں