جی سی ویمن یونیورسٹی،ای روزگار پروگرام سے 7 کروڑ کمائی

جی سی ویمن یونیورسٹی،ای روزگار پروگرام سے 7 کروڑ کمائی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جی سی ویمن یونیورسٹی میں ای روزگار پروگرام سے مہارتیں سیکھ کر طالبات نے چھ سال کے دوران 7 کروڑ روپے کما لیے ۔ انتظامیہ نے منصوبے کو وسعت دینے کی منصوبہ بندی کرلی ۔

پنجاب حکومت کے 2017 میں شروع ای روزگار پروگرام کے تحت ابتک پاس آؤٹ ہونے والی 5 ہزار طالبات 7کروڑ کما چکی ہیں انتظامیہ کی جانب سے پروگرام کی افادیت کو دیکھتے ہوئے طالبات کے لیے آن لائن ٹریننگ کو کورس کا حصہ بنا دیا گیا ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرظل ہما نازلی کے مطابق بی ایس ڈگری کے حصول کے لیے طالبات کے لیے کورس کرنا اور 30 ڈالر کما کر دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے جس پرطالبات ذمہ داری اور دلچسپی سیکھ رہی ہیں۔ جنوری سے نجی کمپنی سے معاہدہ کرکے طالبات کو ایڈوانس کورس بھی کروائے جائینگے جس میں 500 طالبات پہلے سے سیکھی گئی مہارت کو مزید نکھار سکیں گی جبکہ جلد ہی عام افراد کو بھی کورس کرنے کا موقع دیا جائے گا دیگر کالجز اور جامعات کے طلبہ بھی کورس کرسکیں گے ۔ ترجمان یونیورسٹی مس عمارہ کا کہنا ہے کہ طالبات کے لیے ای روزگار پروگرام بڑی سہولت سے کم نہیں جسکے ذریعے وہ دوران تعلیم ہی اپنے اخراجات اٹھانے کے قابل ہو جاتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں