پابندی کے باوجود دن بھر پتنگ بازی،فائرنگ

پابندی کے باوجود دن بھر پتنگ بازی،فائرنگ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )پتنگ بازی کی روک تھام اور پتنگ بازوں کی پکڑ دھکڑ کے حوالے سے پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات محض فائل ورکنگ اور دعوئوں کی حد تک ہی محدود د کھائی دیئے ۔

 گزشتہ روز ضلع بھر کے علاقوں میں پتنگ بازوں کی جانب سے پابندی کو ہوا میں اُڑا دیاگیا۔ دن بھر آسمان رنگ برنگے پتنگوں کی اوٹ میں چھپا رہا۔ پولیس کی جانب سخت اقدامات کے باوجود بھی پتنگ باز پولیس کے ہتھے نہ چڑھ سکے ۔ جبکہ پتنگ بازی کے ساتھ کی جانے والی ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کی وجہ سے شہری بھی خوف و ہراس کا شکار بنے رہے ۔ جبکہ پولیس کی جانب سے موثر کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے مبینہ طور پر محض پتنگ بازوں کی پکڑ دھکڑ کرنے کے بعد مبینہ نذرانے وصول کرکے بغیر کارر وائی کئے ہی چھوڑنے اور اپنی جیبوں کو مبینہ طو رپر بھرنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ پتنگ بازوں کی جانب سے پتنگ بازی کرتے ہوئے لائوڈسپیکرزکا استعمال کیاگیا ، جبکہ بو کاٹا کی صدائیں بھی گونجتی رہیں۔ پولیس کی جانب سے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے کوئی بھی مو ثر اقدامات نہ اٹھائے جاسکے ۔ ایک ہفتے کے دوران شہری کے مختلف علاقوں میں کیمیکل ڈور پھرنے سے 5 افراد زخمی ہوکر مختلف ہسپتالوں میں پہنچ چکے ہیں۔ پتنگ بازی کے دوران آئے روز ڈور پھرنے ، بلند عمارتوں سے گرنے ، کرنٹ اور فائر لگنے کی وجہ سے متعدد شہریوں کے زخمی ہونے اور جان سے ہاتھ دھونے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔.

لیکن اسکے باوجود بھی پولیس حکام غیر سنجیدہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے خصوصی پلان کے تحت 1800 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مامور کیاگیا تھا اور پولیس کو اپنے ساتھ سیڑھیاں رکھنے کی ہدایات کی گئی تھیں۔ جبکہ شہر کی بلند عمارتوں پر ہائی فائی دور بین کے ہمراہ اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ شہر کی مانیٹرنگ ہوسکے ۔ اس کے علاوہ ڈرون کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کی ویڈیوز بنانے کی بھی منصونہ بندی کی گئی تھی لیکن ان تمام اقدامات کے باوجود بھی کار روائیاں برائے نام رہیں ۔ پولیس ٹیموں کی جانب سے پتنگ بازوں کو حراست میں لیکر پتنگیں اور کیمیکل ڈور کی چرخیاں تو برآمد کی گئیں لیکن گرفتار پتنگ بازوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی بجائے مبینہ طور پربھاری نذرانوں کے عوض بغیر کاروائی کئے ہی چھوڑے جانے کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ تھانہ پیپلزکالونی، ڈی ٹائپ کالونی، مدینہ ٹائون، منصور آباد، فیکٹری ایریا، سمن آباد، نشاط آباد، ملت ٹاوّن، صدر ، پیپلزکالونی، رضا آباد، گلبرگ، غلام محمد آباد، جھنگ بازار سمیت دیگر تھانہ جات کے علاقوں میں پتنگ باز پولیس کیلئے چیلنج اورشہریوں کیلئے خطرہ بنے رہے ۔ سٹی پولیس آفیسر محمد علی ضیا کے مطابق پتنگ بازی کرتے ہوئے موت کا کھیل کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارر وائیاں کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں