وزیر اعلیٰ کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تیاریاں دھری رہ گئیں

 وزیر اعلیٰ کے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تیاریاں دھری رہ گئیں

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلعی انتظامیہ کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گذشتہ روز دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سلسلہ میں کی گئی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں،اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے مصروفیات کے باعث 12 اپریل کا دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ملتوی کر دیا،تاحال آئندہ دورہ کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ مذکورہ دورہ کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ اور تمام سرکاری محکموں کے افسر عیدالفطر کی چھٹیوں میں اپنے گھروں کو جانے کی بجائے ڈیوٹی پر موجود رہے ،اندرون شہر اور وزیر اعلیٰ کے روٹ پر آنے والی تمام سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ صفائی کا عمل بھی زور شور سے جاری رہا،تمام سرکاری ملازمین عید اپنے گھروں میں اہل خانہ کے ساتھ منانے کی بجائے سپیشل وی آئی پی ڈیوٹی پر مامور رہے ،جس کی وجہ سے انہیں شدید ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا،یاد رہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے دورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دوران نواحی چک نمبر 341 گ ب میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں