ون ویلنگ،گاڑیوں کی لائنیں،ٹریفک پولیس پلان ناکام

ون ویلنگ،گاڑیوں کی لائنیں،ٹریفک پولیس پلان ناکام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو محفوظ اور منظم نظام ٹریفک کی فراہمی میں سٹی ٹریفک پولیس بُری طرح سے ناکامی کا شکار رہی۔

 عید کے تینوں روز شہر بھر کی مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر منچلوں اور اوباشوں کی جانب سے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر بے ہنگم ڈرائیونگ کرتے ہوئے شہریوں اور فیملیوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال کئے رکھا گیا۔ جبکہ ون ویلنگ، زگ زیگ اور ریسنگ کے دوران متعدد ٹریفک حادثات رونما ہوئے ، جن میں کئی افراد جان کی بازی ہار گئے اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ، مگر شہر بھر کے کسی بھی پوائنٹ پر ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی کرتے ہوئے دکھائی نہ دئیے ۔ ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی بجائے مبینہ طورپر اپنی جیبوں کو بھرنے کیلئے عیدی مہم کا سلسلہ جاری رکھا گیا۔ شاہراہوں، اور اہم مقامات پر ٹریفک کی لمبی لمبی قطاریں لگنے سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا رہا۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے عید کے موقع پر ٹریفک پلان جاری کرنے کے دعویٰ کیاگیا تھالیکن صورتحال اس پلان کے برعکس دکھائی دی ۔ سمندری روڈ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، ڈی گرائونڈ، اقبال سٹیڈیم، باغ جناح، نڑوالا روڈ، جھنگ روڈ، سمن آباد اور کینال روڈ سمیت شہر بھر کی شاہراہوں اور دیگر اہم مقامات پر منچلوں اور اوباشوں کی جانب سے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں پر ٹریفک کیلئے مسائل پیدا کئے جاتے رہے ۔ شہریوں کو ایک سے دوسری جگہ جانے میں بھی شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔متعدد مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کیلئے ڈیوٹیاں سرانجام دینے کی بجائے درختوں کی چھائوں تلے بیٹھ کر وقت گزارنے کو ترجیح دی گئی۔ جبکہ سی ٹی او فیصل آباد مقصود احمد لون کے مطابق نظام ٹریفک کی بہتری اور شہریوں کو محفوظ اور منظم نظام ٹریفک کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں