محکمہ خوراک کے گندم گودام تباہی کا شکار،سکیورٹی نہ ہونے کے برابر،چوری کی وارداتیں عام

محکمہ خوراک کے گندم گودام تباہی کا شکار،سکیورٹی نہ ہونے کے برابر،چوری کی وارداتیں عام

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محکمہ خوراک کے زیر انتظام چلنے والے گندم گوداموں کی گزشتہ کئی سال سے تباہی اور بدحالی کا شکار بنی ہوئی ۔

بیرونی حفاظتی دیواروں کی تعمیر و مرمت کروانے میں محکمہ خوراک حکام غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے لگے ۔ حفاظتی دیواریں اور مناسب سکیورٹی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گوداموں کی حدود سے آہنی جنگلے ، مشینری کے پارٹس اور دیگر قیمتی اشیا چوری ہونے کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے ہیں۔مناسب اقدامات اٹھانے میں حکام کی جانب سے اختیار کی جانے والی عدم توجہی کئی سوالات کو جنم لے رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے محکمہ خوراک کے زیر انتظام چلنے والے گندم گوداموں کی حالت گزشتہ تقریبا 15 سے زائد سال سے بدحالی کا شکار ہے ۔ سینٹر نمبر 2،3 اور 5 سمیت دیگر سنٹرز کی بیرونی حفاظتی دیوار اپنی اصل شکل و صورت ہی کھو چکی ہیں۔ ان گوداموں کی بیرونی حفاظتی مکمل طورپر مسمار ہونے کی وجہ سے انکی کروڑوں روپے مالیت کی اینٹیں بھی نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طورپر چوری کرلی گئی ہیں۔ شہریوں کی جانب سے ان گوداموں کے اندرونی راستوں کو اپنی گزرگاہوں میں تبدیل کررکھا ہے ۔ سینٹر ز میں صرف ایک ایک گارڈ تعینات ہے ۔ جس کے پاس اسلحہ بھی نہیں ہے اور رات کے اوقات میں اگر جرائم پیشہ عناصر حملہ آور ہوتے ہیں توواردات کو روکنا ناممکن ہوگا۔ فوڈ کنٹرولر علی عمران ساہی کہتے ہیں حکام کو صورتحال سے آگاہ کردیاگیا ہے جلد صورتحال کو بہتر بنا لیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں