شدید گرمی،الائیڈ ہسپتال کے اے سی بند،مریض تڑپنے لگے

شدید گرمی،الائیڈ ہسپتال کے اے سی بند،مریض تڑپنے لگے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال میں مریض گرمی سے تڑپنے لگے ۔ حدت میں اضافے کے باوجود انتظامیہ مختلف وارڈز میں۔

 صرف پنکھوں کے ذریعے کام چلانے میں مصروف ہے ۔ وارڈز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز نے فوری طور پر اے سی چلانے کے لیے ایم ایس کو درخواست دے دی۔الائیڈ ہسپتال کی مختلف وارڈ میں داخل مریضوں کا گرمی سے برا حال ہونے لگا۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باوجود تاحال کئی وارڈز کے اے سی نہ چل سکے ۔ جس پر مریض اور ڈاکٹرز تلملا اٹھے ۔ گزشتہ روز بھی سورج کا پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا وارڈ میں چلنے والے پنکھے آگ برساتی گرم ہوا دینے لگے ہیں تکلیف میں مبتلا مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ گزشتہ روز لیبر وارڈ کے ڈاکٹرز کی جانب سے ایم ایس ہسپتال کو درخواست دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ وارڈ میں اے سی نہ ہونے سے شدید گرمی ہے ۔ جس کے باعث کام کرنا مشکل ہوگیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی رکاوٹیں آ رہی ہیں۔ پسینہ آنے سے سرجری کے مریضوں کے زخم بھی خراب ہونے کا اندیشہ ہے ۔ انہوں نے ایم ایس ہسپتال سے مطالبہ کیا ہے کہ وارڈز میں فوری طور پر اے سی فعال کروائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے سرجیکل وارڈ، میڈیکل ون اور ٹو میں بھی اے سی تاحال نہیں چل سکے ۔ جس پرمریضوں کی بھی بری حالت ہے جن کا کہنا ہے کہ صحت کے نظام میں مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ ہسپتال میں گرم موسم سے قبل خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کا خمیازہ اب انہیں بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ پہلے ہی بیماری کی حالت میں ہسپتال آتے ہیں جہاں پنکھوں سے آگ برس رہی ہے جبکہ بستر بھی درجہ حرارت بڑھنے کے ساتھ گرم ہونے سے لیٹنے کے قابل نہیں رہتا۔ انہوں نے سیکرٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ہسپتال میں اے سی چلوائے جائیں تاکہ ان کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو۔ دوسری جانب ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر محمد فہیم یوسف کا کہنا ہے کہ ری ویمپ ہونے والی وارڈز میں مرحلہ وار اے سی لگائے جا رہے ہیں جبکہ لیبروارڈ میں جلد ہی ری ویمپنگ شروع کروا رہے ہیں جس کے بعد مریضوں کو متبادل اے سی والے وارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں