روٹی کی قیمت میں کمی ،فیصل آباد میں عملدرآ مد نہ ہو سکا

 روٹی کی قیمت میں کمی ،فیصل آباد میں عملدرآ مد نہ ہو سکا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی انڈسٹریز نے روٹی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا لیکن ضلعی انتظامیہ نئی قیمت پر عملدرآمد نہ کروا سکی انتظامی غفلت کے باعث حکومت کی جانب سے فراہم کیے گئے ریلیف کے ثمرات شہریوں تک نہ پہنچ سکے ۔

آٹے کی قیمت میں کمی کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز کی جانب سے فیصل آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی روٹی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق بہاولنگر،بہاولپور، رحیم یار خاں،ڈیرہ غازی خاں،کوٹ ادو لیہ،مظفر گڑھ اور چنیوٹ میں 100 گرام وزن کی روٹی کی نئی قیمت 12 روپے طے کی گئی ہے راجن پور، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،حافظ آباد،منڈی بہاوالدین، نارووال، کسور اور فیصل آباد میں روٹی کی قیمت 13 روپے مقرر کی گئی ہے گو جرانوالہ،گجرات،سیالکوٹ اور وزیر آباد میں روٹی کی نئی قیمت 14 روپے مقرر کی گئی ہے لیکن فیصل آباد میں روٹی کی نئی قیمت پر عملدرآمد نہیں ہوسکا فیصل آباد کے تندوروں اور ہوٹلوں پر روٹی 15 روپے میں ہی فروخت ہورہی ہے اس سے قبل بھی جب روٹی کی قیمت 20 روپے سے کم کرکے 16 روپے کروائی گئی تھی تو ضلعی انتظامیہ فیصل آباد کی جانب سے 15 روپے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں کروایا جاسکا تھا موقف لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیرشیخ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں