5سال بعد بھی نمبر پلیٹوں کا اجرا نہ ہوسکا

5سال بعد بھی نمبر پلیٹوں کا اجرا نہ ہوسکا

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)محکمہ ایکسائز ایند ٹیکسیشن حکام کی جانب سے کروڑوں روپے فیسوں کی وصولیوں اور 5 سال سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود تاحال نمبر پلیٹوں کے اجرا کا سلسلہ شروع نہ ہوسکا۔

موٹرسائیکلوں، گاڑیوں، رکشوں اور دیگر وہیکلز کی رجسٹریشن کے وقت نمبرپلیٹوں کی فیسیں وصول کرنے کے باوجود بھی نمبر پلیٹیں جاری نہ ہونے سے شہری مزید پیسوں کی ادائیگیاں کرتے ہوئے بازاروں سے پرائیویٹ سطح پر نمبرپلیٹیں بنوانے پر مجبور ہوگئے ۔ لیکن اسکے باوجود محکمہ ایسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام نمبر پلیٹوں کے اجرا کو یقینی بنوانے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی جانب سے موٹرسائیکلوں، گاڑیوں، اور رکشوں سمیت دیگر وہیکلز کی رجسٹریشن کے وقت نمبر پلیٹوں کی فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔ ماضی میں محکمہ کی جانب سے ہی نمبر پلیٹیں جاری کی جاتی تھیں لیکن تقریبا 5 سال قبل نمبر پلیٹیں بنانے والی کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے پرمحکمہ کی جانب سے نمبر پلیٹیوں کی فراہمی کا سلسلہ روک دیاگیا۔ بعد ازاں متعدد بار نمبر پلیٹوں کی تیاری کے حوالے سے معاہدے ہونے کی یقینی دہانی تو کروائی گئی لیکن گزشتہ5سال سے نمبرپلیٹوں کے اجراء کا سلسلہ شروع نہیں ہوسکا ہے ۔

ذرائع کے مطابق موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے وقت نمبر پلیٹوں کی فیس 1000 اور رکشوں گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فیس 1500 وصول کی جاتی ہے ۔ گزشتہ پانچ سال کے دوران کروڑوں مالیت کی فیسیں نمبرپلیٹوں کی مد میں وصول کی جاچکی ہیں۔ لیکن اسکے باوجود بھی نمبر پلیٹوں کی ترسیل شروع نہیں کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نمبر پلیٹوں کی سرکاری سطح پر فیسیں ادا کرنے کے باوجود بھی انہیں نمبر پلیٹیں میسر نہ آنے کے باعث شہری پرائیویٹ مارکیٹوں سے مہنگے داموں نمبر پلیٹیں اضافی پیسے دیگر بنوانے پر مجبور ہیں اور غیر نمونہ اور ڈوپلیکیٹ نمبر پلیٹیں ہونے کی وجہ سے انکے ٹریفک چالان بھی کردئیے جاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں میں حکام بالا کی جانب سے پرائیویٹ نمبر پلیٹیں بنوانے کی شہریوں کو اجازت تو دے دی گئی لیکن سرکاری طورپر نمبر پلیٹوں کی فراہمی کو یقینی بنوانے کیلئے کوئی بھی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ شہری فیسوں کی ادائیگی کے بعد کئی کئی سال سے نمبر پلیٹوں کے حصول کیلئے چکر لگانے پر مجبور ہیں ۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ نمبر پلیٹوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں