سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ

سبز    مصالحہ    جات    کی    قیمتوں    میں   ہوشر    با   اضافہ

فیصل آباد(بلال احمد سے )دو ہفتوں کے دوران سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، منافع خوروں نے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ڈھیل نے دکانداروں کو مزید شیر کردیا۔

من مانے دام بٹورنے والوں کے خلاف چند ایک کارروائیوں کے سوا کوئی ایکشن نہ لیا جا سکا۔عید کے نام پر سبزی کی بیوپاریوں نے ضمیر فروشی کا لبادہ اوڑھ لیا۔ دو ہفتوں کے دوران ہی خصوصی طور پر سبز مصالحہ جات کی قیمتیں عام خریدار کی پہنچ سے دور کردی گئیں۔ منافع خوروں نے مصنوعی قلت کا بہانہ کرکے آلو، پیاز، ادرک، لہسن، سبز مرچ، ٹماٹر اور دھنیے سمیت سبزیوں اور پھلوں کے ریٹ ساتویں آسمان پر پہنچا دیئے ہیں۔ جبکہ عید کے باعث سبزی منڈی بند ہونے کے نام پر گزشتہ روز سب سے زیادہ لوٹ مار مچائی گئی۔ گزشتہ ہفتے مارکیٹ میں 60 روپے کلو میں فروخت ہونے والے آلو کی قیمت 100 روپے کردی گئی۔ پیاز 150، ٹماٹر 85 سے بڑھ کر 180، ادرک 640 سے بڑھا کر 800 روپے کلو، لہسن 450 کی سرکاری قیمت پر فروخت کرنے کے بجائے 550 روپے کلو میں فروخت کیا جاتا رہا۔ دیسی لیموں 700 روپے کلو، سبز مرچ 150 روپے ، سبزی کے ساتھ مفت ملنے والا دھنیا 700 سے 800 روپے فی کلو کردیا گیا۔ پھلیاں 215 سے بڑھا کر 250 روپے ، جبکہ شملہ مرچ 200 کے سرکاری ریٹ کے بجائے 260 روپے فی کلو میں فروخت کی گئی۔ پھلوں میں سیب 300، کیلا 200 روپے درجن، آم 150 کی سرکاری قیمت کے بجائے 250 روپے کلو، تربوز 30 کے بجائے 60 روپے ، خوبانی 200 روپے کلو میں فروخت کرکے ناجائز منافع خوری کی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف عدم کارروائی پر شہری بھی پھٹ پڑے جن کا کہنا تھا کہ ایک طرف حکومت مہنگائی میں کمی کے دعوے کررہی ہے تو دوسری جانب گراں فروشی کا طوفان سب کچھ بہائے لے جا رہا ہے ۔ اصل سے کئی گنا زائد میں سبزیاں اور پھل بیچنے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔ عید سے قبل ہر بار کی طرح اس بار بھی سبز مصالحہ جات کے نام پر بھرپور کمائی کی گئی لیکن انتظامیہ نے چند ایک کارروائیاں کرکے دامن چھڑا لیا۔ دوسری جانب چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن/پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمد زبیر وٹو نے دعویٰ کیا کہ گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاہم حقیقت اس کے برعکس نظر آتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں