گڑھ مہاراجہ:تاجروں کا بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف مظاہرہ

گڑھ مہاراجہ:تاجروں کا بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف مظاہرہ

گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا ) گڑھ موڑ انجمن تاجران نے بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صدر انجمن تاجران مہر مدثر عباس سیال کی زیر قیادت مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بجلی کے بل اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہر مدثر عباس سیال نے کہا کہ عوام پر بجلی کے بلوں میں متعدد ٹیکسوں کو ختم کیا جائے اور حکومت عوام کو سستی بجلی مہیا کرے ،بجلی کے بلوں میں 200 یونٹ تک تقریبا 3300 اور 201 یونٹ پر وہی بل 5000 اضافے کے ساتھ 8300 بن جاتا ہے جو غریب عوام پر ظلم عظیم ہے اس ظالمانہ نظام کو فی الفور ختم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام کو 200 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کرنے کے دعویدار حکمران اپنے وعدوں پر عملدرآمد کریں ، مہنگائی سے عام آدمی کا جینا مشکل ہو چکا۔عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں