الائیڈ ہسپتال کی ری ویمپنگ نامکمل،انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بھی اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ
فیصل آباد(بلال احمد سے ) ہسپتالوںکی پہلی ری ویمپنگ ادھوری، حکومت کا امراض قلب کے اکلوتے ہسپتال کی بھی اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ، کارڈیالوجی ہسپتال کی مرکزی بلڈنگ میں 9کروڑ 90لاکھ ری ویمپنگ کے لئے مختص کردیئے گئے ۔
جون میں ملتوی ہونے والا ٹینڈرنگ کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا۔فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی توسیع کیلئے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا۔ ایمرجنسی اور اوپی ڈی سمیت تمام واش رومز، ہسپتال کے ایچ ویک سسٹم کی مرمت اور او پی ڈی بلاک میں رش کو مد نظر رکھتے ہوئے توسیع کے مراحل طے کیے جائینگے ۔ منصوبے لینے کیلئے امیدوار ٹھکیداروں کو فیس جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے جسکے بعد آئندہ ہفتے بولی ہوگی۔ دوسری جانب الائیڈ ہسپتال ون کی ری ویمپنگ کا کام فنڈز کی رفتار سست ہونے کے باعث تاحال نامکمل ہے لیکن اسکے باوجود حکومت نے اکھاڑ پچھاڑ کیلئے نئے ہسپتال کا انتخاب کرلیا ہے ۔ جس سے مریضوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں روزانہ کی بنیاد ہر 4ہزار سے زائد مریض او پی ڈی میں آتے ہیں۔ ری ویمپنگ کا کام شروع ہونے کے بعد مریضوں کو الائیڈ ہسپتال کی طرح علاج میں ممکنہ طور پر مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ مریضوں کو پریشانی سے بچانے کیلئے انتظامیہ نے بھی منصوبہ بندی شروع کردی ہے ۔ ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر رانا ندیم کا کہنا ہے کہ مریضوں کو تکلیف سے بچانے کیلئے او پی ڈی میں مرحلہ وار کام کروایا جائیگا۔