شہر میں 26 غیر قانونی بازار ، خزانے کو کروڑوں نقصان
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )میونسپل کارپوریشن کے افسران سرکاری خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچا کر اپنی جیبیں بھرنے لگے ، شہر میں 26 غیر قانونی بازار لگ رہے ہیں۔۔۔
لیکن صرف ایک کلیم شہید بازار ہی ماہانہ 13 لاکھ 86 ہزار روپے کا سرکاری ٹھیکہ ادا کررہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں 22 اگست 2023 کو میونسپل کارپوریشن کی حدود میں بڑے بازاروں کی نیلامی ہوئی تاہم ٹھیکے نہ ہوسکے ،صرف کلیم شہید پارک بازار کا ماہانہ 13لاکھ 86 ہزار روپے اور سالانہ 10 فیصد اضافے کا نجی ٹھیکیدار کے ساتھ ٹھیکہ طے ہوااور یوں صرف یہی بازار خزانے میں ماہانہ رقم جمع کروا رہا ہے لیکن شہر کے مختلف علاقوں میں 26 سے زائد چھوٹے بڑے غیر قانونی بازار لگ رہے ہیں جن میں مرضی پورہ میں لگنے والا پیر بازار، سدھو پورہ میں لگنے والا منگل بازار، تلیانوالہ مرضی پورہ اور ڈھیرہ سائیں قبرستان کے قریب لگنے والے جمعرات بازار، ارشد ٹاون باو والا کا جمعہ بازار، محلہ صادق آباد اور مدینہ آباد میں لگنے والے ہفتہ بازار، ساہیانوالہ،شاداب پلی اور سدھو پورہ میں لگنے والے اتوار بازار، کنک بستی اور مرضی پورہ میں لگنے والے پیر بازار سمیت دیگر شامل ہیں ان بازاروں کی سرکاری سطح پر نیلامی یا منظوری نہیں ہوئی لیکن پھر بھی بغیر روک ٹوک یہ بازار لگ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے افسران و ملازمین مبینہ طور پر ان بازاروں سے فی بازار ایک لاکھ روپے ہفتہ جمع کرکے افسران تک پہنچایا جاتا ہے، اسی وجہ سے ان بازاروں کیخلاف کارروائی نہیں ہوتیَ۔ اس حوالے سے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے رابطہ کرنے پر کہا کہ غیر قانونی بازاروں کی نشاندہی ہوتے ہی کارروائی کی جاتی ہے ۔