دین اسلام پر سب کچھ قربان کر دینا حسینیت :آصف رضا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)اسوہ شبیری حق اور سچ کا راستہ ہے ۔ دین اسلام پر سب کچھ قربان کر دینا حسینیت ہے ۔
غم امام حسین رضی اللہ عنہ میں آنسو بہانہ سنت رسولُ اللّٰہﷺ ہے ۔ امام عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرت امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے ۔ اصلاح معاشرہ کیلئے آپ رضی اللہ عنہ کی بے مثل قربانیاں قیامت تک یاد رکھی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار پاکستا ن سنی تحریک کے ڈویژنل صدر پروفیسر پیر محمد آصف رضا قادری نے PP111کے زیر اہتما م سید الشہدا سیمینار سے اکبر ٹاؤ ن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی فکر کو اپنانے کا درس دیتا ہے ۔ آپ رضی اللہ عنہ اور آپ کے ساتھیوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دین اسلام کے پودے کی آبیاری کی ہے ۔ اہل حق و سچ کے جذبے سے سرشارہوکر ہر دور کی یذیدی قوتوں کا قلع قمع کیا جا سکتا ہے ۔ استعماری قوتوں کی سرکوبی کرنے کیلئے حسینی فکرکو مشعل راہ بنانا ہوگا۔