پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ذمہ داریوں سے غافل نہ ہوں: ڈپٹی کمشنر
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے کہا ہے کہ مارکیٹوں وبازاروں میں اشیائے ضروریہ کی انسپکشن اورمقررہ نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہ ہوں۔
عوام کو ریلیف فراہم نہ کرنے پرائس کنٹرول مجسڑیٹس سے جواب طلب ہوگا ، ناقص کارکردگی پر محکمانہ کاروائی اور اختیارات بھی واپس لے لئے جائیں گے ،یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔اس موقع پر ایس این اے مہر عمر حیات سپراء نے ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ماہ جولائی کی کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جولائی میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 68268دکانوں کی انسپکشن کی اور 1804وائلیشنز پر کل 45لاکھ 19ہزار روپے جرمانہ ، 342دکانداروں کو گرفتار اور سخت وائلیشن پر 10کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئیں ۔ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا اوربعض پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی طرف سے گرانفروشوں کو نکیل نہ ڈالنے پر شدید ناراضی کا اظہار کیا اوروارننگ دی کہ پرفارمنس کا گراف بہتر نہ کرنے والوں کی ضلع میں کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے پھل وسبزیوں،کریانہ کی اشیاء،چکن، گوشت اور روٹی کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے اور ریٹ لسٹیں واضح طور پر آویزاں کروانے کی تاکید کی اور کہا کہ صارفین کو ریلیف کی فراہمی ترجیح ہے ۔