پولیس کی گاڑیو ں کیلئے سرکاری ایندھن کی بند ش برقرار

پولیس  کی  گاڑیو ں  کیلئے  سرکاری  ایندھن کی  بند ش  برقرار

فیصل آباد(عبدالباسط سے )پولیس کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے بھی زائد عرصے سے درپیش مالی مسائل کا خاتمہ نہ ہوسکا۔ ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، تاوان سمیت دیگر جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائیوں کیلئے ۔۔

پولیس گاڑیوں کی پٹرولنگ کیلئے فراہم کئے جانے والے ایندھن کی بندش کا سلسلہ نہ تھم سکا ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس کو گزشتہ تقریبا ڈیڑھ سال سے بھی زائد عرصے سے مالی مسائل کا سامنا ہے ، فنڈز کی کمی اور قلت کی وجہ سے شہر بھر کے تھانوں کے علاقوں میں پٹرولنگ ڈیوٹی ، جرائم کی روک تھام کی کارروائیاں کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ ، ملزمان کو عدالت پیشی اور جیلوں میں منتقلی سمیت دیگر امور کی انجام دہی کیلئے پولیس کی سرکاری گاڑیوں کو ملنے والا فیول گزشتہ تقریبا ڈیڑھ سال سے بھی زائد عرصے سے بند ہے اور پولیس گاڑیوں کو یومیہ ملنے والے فیول کی مقدار اس حد تک کم کردی گئی ہے کہ گاڑیوں پر متعلقہ علاقوں میں گشت اورکاروائیاں عمل میں لانا پولیس کے لئے ناممکن بن کر رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس ٹیموں کی عدم موجود گی کیوجہ سے رواں سال اب تک جرائم پیشہ عناصر نے ڈکیتی، چوری، راہزنی سمیت لوٹ مار کی 25 ہزار سے زائد وارداتوں میں شہریوں کو کروڑوں روپے نقدی، موبائلز، زیورات ،موٹرسائیکلوں، گاڑیوں ، رکشوں ، دیگر وہیکلز اور قیمتی اشیاء سے محروم کردیا ۔ سرکاری سطح پر فیول نہ ملنے کی وجہ سے پولیس موبائل پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران و ملازمین کی جانب سے سائلین، درخواست گزاروں، مدعیان اور ملزمان کے اہلخانہ سے ہی فیول ڈلوانے کی مد میں مبینہ طورپر پیسوں کی وصولیاں کے بھی انکشافات ہوتے رہتے ہیں اورافسران وملازمین مبینہ طورپر اپنی جیبوں کو گرم کرتے ہیں ۔ معاملے پر ترجمان فیصل آباد پولیس تالش عباس نے کہا ہے کہ جلد مسائل پر قابو پا لیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں