قوم کو دوبارہ 6ستمبر 1965والے جذبہ کی ضرورت :نعیم سندھو
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھونے کہا ہے کہ یومِ دفاع کو شایانِ شان انداز میں منانا یہی ہے کہ پاکستان کی سرحدوں اورنظریئے کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جائے جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔
اس وقت ملک وقوم کو جس قسم کے سنگین حالات کا سامنا ہے ان سے نجات کیلئے پوری قوم کو ایک بار پھر6ستمبر 1965والے جذبہ سے سر شار ہو کر متحد ہو نے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم دفاع کے سلسلہ میں ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج میں منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب اور جاری اپنے ایک بیان میں کیا،تقریب میں ڈی پی او عبادت نثار ،اے ڈی سی (ریونیو)جمیل حیدر شاہ ،اے ڈی سی(جنرل )ذیشان لبھا مسیح ،پرنسپل ادارہ راؤ صدیق سمیت مختلف محکموں کے افسران و دیگر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ تقریب میں ادارہ کے طلباء نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کرکے شہداء کی قربانیوں کو شایان شان انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔علاوہ ازیں اپنے پیغام میں نعیم سندھو نے کہا کہ ہم بحیثیت پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔