محکمہ صحت کی غفلت ، حفاظتی ٹیکوں کا پروگرام ناکامیوں سے دوچار

محکمہ    صحت     کی    غفلت    ،   حفاظتی    ٹیکوں   کا    پروگرام     ناکامیوں    سے    دوچار

فیصل آباد(بلال احمد سے )ضلع میں ای پی آئی مہم محکمہ صحت کے افسران کی عدم توجہ کا شکارہوکر اپنی افادیت کھونے لگی، ضلع کی 289 یونین کونسلز میں سے 200 یونین کونسلز کی کار کردگی غیر تسلی بخش قرار دے دی گئی۔۔۔

افسران نے اعشاریوں میں کامیابی کی شرح میں اضافے کو ناقص رپورٹ کی وجہ قراردیدیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں محکمہ صحت کی جانب سے 12 بیماریوں کے خلاف چلایا جانے والے حفاظتی ٹیکوں کا پروگرام ناکامیوں سے دوچار ہونے لگا ضلع بھرکی 289 یونین کونسلز میں سے بیشتر میں ملازمین کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، گزشتہ 6 ماہ کی رپورٹ کے مطابق 200 یونین کونسل طے شدہ معیار کے مطابق اپنی کارکردگی دکھا سکیں اور نہ ہی اہداف کی تکمیل ہوسکی ، صرف 21 یونین کونسلز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ 68 کی کارکردگی میں بہتری کے آثار نظر آئے جبکہ دیگر میں صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے ۔ ایکسپینڈڈ پروگرام فار امیونائزیشن (EPI)کے تحت بچوں کو 15 ماہ میں مختلف اوقات کے دوران بچپن کی تپ دق، پولیومائیلائٹس، خناق، پرٹیوسس، تشنج، خسرہ، اسہال، نمونیا، ہیپاٹائٹس بی، گردن توڑ بخار، ٹائیفائیڈ اور روبیلا جیسی 12 بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاتی ہے جس کے لیے محکمہ صحت کی یونین کونسلز کی سطح پر خصوصی ٹیمیں متعین ہیں تاہم ویکسینیٹرز سمیت دیگرعملے کو ملنے والی ناکافی سہولیات اور غفلت کے باعث بیشتر اہداف حاصل کرنا مشکل ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق شہریوں کو حفاظتی ٹیکوں سے متعلق آگاہی نہ ملنا، عملے کا ڈیوٹی پر موجود نہ ہونا ار دیگر وجوہات مسائل کی جڑ ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے تحت جاری اس پروگرام میں حکام کی غیرسنجیدگی بچوں کا مستقبل غیرمحفوظ بنا رہی۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عظمت کھچی کا کہنا ہے کہ بہتری کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں