فنڈز کی عدم فراہمی سے صفائی مہم متاثر:کوڑا ٹیکس منصوبے پر بھی عمل نہ ہوسکا

فنڈز  کی  عدم  فراہمی  سے  صفائی  مہم  متاثر:کوڑا ٹیکس منصوبے پر بھی عمل نہ  ہوسکا

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)یونین کونسلز میں صفائی مہم کے لیے ایک رکشہ اور تین سینٹری ورکرز فراہم کرنے کا دعوی ٰفرضی نکلا بیشتر یونین کونسلز میں فنڈز نہ ہونے کے باعث اس پر عملدرآمد ہی نہ ہوسکا ۔۔۔

جہاں عملدرآمد ہوا وہاں سیکرٹری یونین کونسلز افسروں کے دباو پر 500 روپے دیہاڑی پر مزدور لگا کر کام کروا رہے ہیں دیہی علاقوں میں صفائی کیلئے ماہانہ ٹیکس عائد کرنے کے ماڈل پر بھی کام نہ ہوسکا۔مریم نواز نے وزیر اعلیٰ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد نکاسی آب اور صفائی پر خصوصی توجہ دی جس کیلئے ستھرا پنجاب اور اب گائوں چمکیں گے جیسے پروگرامز شروع کروائے گئے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور چیف افسر ضلع کونسلز کو خصوصی احکامات دئیے گئے جس میں واضح کیا گیا کہ شہری اور دیہی علاقوں کو زیرو ویسٹ کریں وزیر اعلی ٰپنجاب کی ہدایت پر فیصل آباد میں ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشن کو نئی مشینری بھی فراہم کی گئی اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ ہر یونین کونسل میں ایک رکشہ اور 3 سینٹری ورکرز دئیے جارہے ہیں جو دیہی علاقوں میں صفائی کریں گے جس کی سوشل میڈیا پر خوب تشہیر کی گئی لیکن فیصل آباد میں ایسا ممکن نہ ہوسکا پنجاب حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کو کوئی الگ فنڈ نہ دیا گیا دیہی علاقوں میں آنے والی بیشتر یونین کونسلز کے پاس فنڈز موجود نہ ہونے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ کی اس ہدایت پر عملدرآمد نہ ہوسکا جہاں کہیں افسروں کے دبائو کی وجہ سے عملدرآمد ہوا وہاں پر بھی یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے 500 روپے دیہاڑی پر مزدوروں کو لگا کر کام کروایا مقامی حکومتوں کی جانب سے دیہی علاقوں میں صفائی کے لیے ماہانہ ٹیکس لگانے کا منصوبہ بھی تیار کیا گیا لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا اب بھی دیہی علاقوں میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں کچرے کو خالی پلاٹوں یا سڑ ک کنارے پھینک کر کچرا کنڈیاں بنائی گئی ہیں ذرائع کے مطابق اب دیہی علاقوں کی صفائی کے لیے بھی ایف ڈبلیو ایم سی کی طرز پر آوٹ سورسنگ کرنے پر غور کیا جارہا ہے صفائی کے لیے نجی کمپنیوں کیساتھ ٹھیکہ کیا جائے گا عوام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر تشہرکی بجائے اگر مناسب فیصلے کیے جائیں اور ان پر عملدرآمد کروایا جائے تو ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں