آبی بحران،جماعت اسلامی کے آج احتجاجی مظاہرے

آبی بحران،جماعت اسلامی کے آج احتجاجی مظاہرے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ نصف کراچی آج بھی پانی سے محروم ہے۔۔

وزیر اعلیٰ سندھ کا 50فیصد شہر کو پانی کی قلت کا اعتراف اپنی نا اہلی اور پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کا اعتراف ہے ، وزیر اعلیٰ، قابض میئر اور واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی و نا اہلی اور شہر میں پانی کے بحران کے خلاف ہفتہ(آج)کو شہر بھر میں 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈرسٹی کونسل قاضی صدرالدین ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر نے مزید کہا کہ مختلف کوآپریٹو سوسائٹیز میں من پسند اور غیر متعلقہ ایڈمنسٹریٹر ون کو بٹھا کر رشوت و کرپشن کا بازار گرم اور زمینوں پر قابض مافیا کی سرپرستی کی جا رہی ہے اس عمل میں لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر اسکیم 33و 45، اینٹی انکروچمنٹ سیل، رجسٹرار کو آپریٹیو سوسائیٹز ملوث ہیں، کوآپریٹو سوسائٹیز کی اراضی اور کراچی کی زمینوں پر قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو شہر بھر میں احتجاج یارجسٹرار آفس پر دھرنے سمیت سارے آپشن ہمارے پاس موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماراآج بھی مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں