بینظیر بھٹو میڈیکل کالج ، داخلے کے تنازعے پرفیصلہ محفوظ

بینظیر بھٹو میڈیکل کالج ، داخلے کے تنازعے پرفیصلہ محفوظ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری میں داخلے کے تنازع سے متعلق درخواست کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری میں داخلے کا تنازع سے متعلق درخواست کی سماعت دو رکنی آئینی بینچ نے کی، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار طالبہ کا داخلہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے شعبہ بی ڈی ایس میں ہوگیا تھا جبکہ ایم بی بی ایس کے لئے طالبہ کا نام ویٹنگ لسٹ میں تھا، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج انتظامیہ نے ایم بی بی ایس میں داخلہ دیا تاہم چند روز بعد انتظامیہ نے آگاہ کیا کہ سیٹ کسی اور طالبعلم کی ہے ، طالبہ کے سالانہ امتحانات ہونے والے ہیں، طالبہ کو انتظامیہ کی جانب سے کلاسز سے روکا جارہا ہے اور ہراساں کیا جارہا ہے ۔کالج پرنسپل ڈاکٹر انجم رحمان نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار طالبہ میرٹ پر نہیں ہے ۔ اعزاز نامی طالبعلم کے ڈومیسائل کے مسائل کی وجہ سے درخواست گزار کو عبوری داخلہ دیا گیا تھا۔ڈومیسائل کی تصدیق ہونے تک تمام داخلے عبوری ہوتے ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنے کام میں ناکام رہے ہیں۔ عدالت درخواست کا میرٹ پر فیصلہ کرنا چاہتی ہے ، اگر داخلے مقررہ کوٹے سے زائد ہوئے تو بعد میں مسائل ہونگے ۔ عدالت ایسی کوئی روایت قائم نہیں کرنا چاہتی،آئینی بینچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں