طاقتور مافیا کی اربوں روپے کی پانی چوری پکڑی گئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے سکھن میں اربوں روپے مالیت کے پانی کی بڑی چوری پکڑی گئی طاقتور مافیا نے آر او پلانٹ کی آڑ میں بڑے پیمانے پانی کی چوری کا نیٹ ورک قائم کیا ہوا تھا روزانہ ہزاروں گیلن پانی چوری کرکے فروخت کیا جارہا تھا۔
ذرائع کا دعوی ہے کہ سندھ کی اہم شخصیات پانی کی اس بڑی چوری میں ملوث ہیں ایف آئی آر میں اہم شخصیات کے نام کا اندراج روکنے کیلئے متعلقہ عملے پر دبائو ڈالا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں طاقتور پانی مافیا سکھن تھانے کی حدود میں آر او پلانٹ کی آڑ میں بڑے پیمانے پر پانی کی چوری کررہا تھا واٹر کارپوریشن کی بڑی لائنوں سے روزانہ ہزاروں گیلن پانی کی چوری جاری تھی مافیا نے پانی زخیرہ کرنے کیلئے بھی خصوصی سسٹم قائم کررکھا تھا پاکستان رینجرز سندھ اور کراچی واٹر کارپوریشن نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پانی چوری کی بڑی چوری پکڑ لی اور پانی چوری کا تمام نظام مسمار کردیا ہیوی مشینری کے زریعے کئی گھنٹوں تک مسلسل ایکشن جاری رہا ۔ذرائع کا کہنا ہے کچھ با اثر شخصیات اربوں روپے کے اس پانی کے دھندے میں ملوث ہیں جنہوں اس آپریشن کو رکوانے کیلئے سر توڑ کوششیں بھی کیں جو کے کامیاب نہ ہوسکیں ۔واٹر کارپوریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ سکھن تھانے کی حدود میں اس ہی مقام زینتھ آر او پلانٹ کی آڑ میں کراچی کا سب سے بڑا غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کئی برس سے قائم تھا جس کو رواں سال اپریل میں چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر کارپوریشن سید صلاح الدین احمد نے پاکستان رینجرز کی مدد سے آپریشن کرکے مسمار اور مکمل طور بند کروایا تھا اور اس کی تمام مشینری قانونی طور ضبط کرلی تھیں لیکن ایک بار پھر کچھ روز قبل طاقتور پانی مافیا نے زینتھ آر او پلانٹ کی جگہ نئے نام سے یہاں پر دوبارہ آر او پلانٹ قائم کرکے پانی کی چوری کا دھندا شروع کردیا جس پر گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن کے متعلقہ عملے پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ وہ ایف آئی آر میں اہم شخصیات کے نام کا انداراج نہ کروائیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گرینڈ آپریشن کے بعد پانی مافیا میں کھلبلی مچ گئی ہے ۔