حکومتوں کا کام صرف زمین دینا نہیں اسپتال تعمیر کرنا بھی ہے ،گورنرسندھ
کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں کم از کم 100 برنس اسپتال ہونے چاہئیں۔کامران ٹیسوری نے سول اسپتال برنس سینٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ۔۔
کہا کہ سول اسپتال کے برنس سینٹر کی 20 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 2004 میں قائم ہونے والا یہ سینٹر ایک تاریخی سنگ میل ہے ۔انہوں نے کہاکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور فرینڈز آف برنس سینٹر کے کردار کو پائیدار وژن کی علامت سمجھتا ہوں، پاکستان میں کم از کم 100 برنس اسپتال ہونے چاہئیں، حکومتوں کا کام صرف زمین دینا نہیں بلکہ اسپتال تعمیر کرنا بھی ہے ۔ انہوں نے برنس سینٹر انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سندھ کے ہر ضلع میں برنس وارڈ کا قیام ضروری ہے ۔واضح رہے کہ گورنر ہاس میں سول اسپتال برنس سینٹر کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بانی ارجمند اے قاضی، ڈاکٹر شائستہ آفندی رئیس اور محمد عبداﷲ فیروز نے شرکت کی۔علاوہ ازیں تقریب میں قطر، بحرین، عمان، چین اور جاپان سمیت مختلف ممالک کے قونصل و نائب قونصل جنرلزبھی شریک تھے ۔