شورکوٹ:ہاؤسنگ کالونی مسائل کی آماجگاہ ،مکین پریشان

شورکوٹ:ہاؤسنگ کالونی مسائل کی آماجگاہ ،مکین پریشان

شورکوٹ(نمائندہ دنیا )شورکوٹ کی قدیمی سرکاری ہاؤسنگ کالونی مسائل کی آماجگاہ بن چکی ، سیوریج کا نظام انتہائی خراب ہو چکا ، گنداپانی گلیوں اور سڑکوں پر نکل آیا ، جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق شورکوٹ کی قدیمی سرکاری ہاؤسنگ کالونی میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے پر جگہ جگہ سیوریج کا گندا پانی جمع ہو گیا جس کی وجہ سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گندے پانی پر مچھروں کی بھی بہتات ہوچکی ، شدید بدبو اور تعفن سے علاقہ مکینوں کا جینا حرام ہو چکا ۔علاوہ ازیں زمین کا پانی بھی پینے کے قابل نہیں جس کی وجہ سے بچے اور بوڑھے پیٹ اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں، ہاؤسنگ کالونی کی سڑکیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں ،اس کے علاوہ کالونی میں سوئی گیس جیسی سہولت اب تک فراہم نہیں کی جا سکی۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ ہاؤسنگ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہاؤسنگ کالونی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک نہ کیا جائے ،سیوریج نظام ٹھیک کرنے کے ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں