نکاسی آب فوری یقینی بنائیں،واسا کو وارننگ

نکاسی آب فوری یقینی بنائیں،واسا کو وارننگ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر مریم خان نے ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کے ہمراہ خونی برج دہلی گیٹ کا دورہ کیا۔

،سڑکوں اور مساجد کے سامنے گندا پانی کھڑا ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واسا فوری نکاسی آب کو یقینی بنائے ۔انہوں نے کہا کہ محکمے اپنے کام ذ مہ داری سے کریں تاکہ عوام پریشان نہ ہو۔ کمشنر مریم خان نے واسا کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات کے اثرات عوام تک پہنچانے کیلئے افسر محنت کریں اور فیلڈ میں نکلیں تاکہ انہیں عوامی مسائل کا ادراک ہو۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ واسا کو متعدد وارننگ دی گئی اب احتساب ہوگا،عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کا واسا کو ٹاسک دے دیا ہے ۔اس موقع پر کمشنر مریم خان اور ڈی سی وسیم حامد سندھو کے سامنے شہریوں نے شکایات کے انبار لگادیے ۔ایم ڈی واسا خالد رضا خان، ڈائریکٹر ورکس عارف عباس بھی موجود تھے ۔دریں اثناکمشنر مریم خان نے گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی ، ستھرا پنجاب مہم بارے جائزہ اجلاس میں گلی محلوں کی دکانوں پر قیمتوں کی مانیٹرنگ کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ مہنگے داموں اشیاء ضروریہ بیچنے والے قومی مجرم ہیں ،کسی گرانفروش سے ہرگز نرمی نہیں برتی جائے ۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی کرنے والے مافیا سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے ،تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر صورت فیلڈ میں نظر آئیں، لوکیشن مانیٹر کی جائے ۔تمام ڈپٹی کمشنر زاپنے اپنے اضلاع کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی رپورٹ کمشنر آفس بھجوائیں،ستھرا پنجاب مہم بھرہور طریقے سے جاری ہے ، دیہی علاقوں کی صفائی کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنرز نے گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری مہم پر کمشنر کو بریفنگ دی۔اجلاس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک پر موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں