جشن عید میلاد النبیؐ پر سکیورٹی سخت،شکایات سیل فعال،چھٹیاں منسوخ

جشن عید میلاد النبیؐ پر سکیورٹی سخت،شکایات سیل فعال،چھٹیاں منسوخ

ملتان (وقائع نگار خصوصی )جشن عیدمیلادالنبیؐ پر سکیورٹی سخت ،واسا کا پلان جاری، چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واسا خالد رضا کی ہدایت پر جشن عید میلادالنبی ؐ کا خصوصی پلان جاری کردیا گیاہے ، تمام سیوریج ، واٹر سپلائی اور ڈسپوزل سٹیشنز ڈویژنوں کے افسر و ملازمین کی آج کی چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے ،تمام دفاتر کھلے رہیں گے ،جشن عید میلادالنبی کے سلسلے میں واسا کا مرکزی کمپلینٹ سیل چوبیس گھنٹے آپریشنل رہے گا اور جہاں جلوس روٹس سے متعلق شکایات درج کروائی جا سکیں گی ۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے جشن عید میلادالنبی کے جلوس روٹس کے انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر ورکس عارف عباس اور ڈائریکٹر انجینئرنگ منعم سعید کو جلوس منتظمین اور میلاد کمیٹی کے ممبران سے مکمل رابطہ رکھنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جبکہ واسا سے متعلق شکایات مرکزی کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر درج کروائی جا سکتی ہیں تمام شکایات کا فوری طور پر ازالہ یقینی بنایا جائے گا ۔مزید برآں تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کو جلوس روٹس پر الرٹ رہنے ، سٹاف کی حاضری 100 فیصد یقینی بنانے اور اپنی اپنی حدود میں جلوسوں کے منتظمین سے مکمل رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔دریں اثناایم ڈی واسا خالد رضا خان کو جشن عید میلادالنبیؐ کے جلوس روٹس پر سیوریج لائنوں کی صفائی بارے رپورٹ پیش کی گئی جس پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے تمام افسروں کو جلوس روٹس پر الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے ۔دوسری طرف اعلیٰ پولیس حکام کی ہدایت کی روشنی میں جشن عیدمیلاد النبی ؐ کے موقع پر آج سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس روٹس کو خصوصی طور پر فوکس کیا گیا ہے ، پولیس اہلکار امن وامان برقرار رکھنے کیلئے الرٹ رہیں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں