ڈپٹی کمشنر کی انسداد ڈینگی کارروائیاں مزید تیز کرنے کا حکم
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ندیم ناصرنے ہدایت کی ہے کہ ضلع میں ڈینگی کی مکمل اندازمیں روک تھام کے لئے تمام متعلقہ محکمے اپنی انسدادی کار روائیوں کومزید تیز کردیں۔
کیونکہ رواں موسم لاروا کی افزائش اور پھیلاؤ کے لئے سازگار ہونے کے باعث ڈینگی وائرس کے خطرات موجود ہیں۔ لہذا اس ضمن میں معمولی غفلت یا عدم توجہی کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کریں اور کوتاہی کی صورت میں وہ ذمہ دارہونگے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں ڈینگی کی افرائش کو روکنا انتہائی اہم ہے اس سلسلے میں انسدادی اقدامات میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے ۔انہوں نے فیلڈ میں سرویلنس کی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع نظروں سے اوجھل نہ رہیں۔اس سلسلے میں قبرستانوں، کباڑ خانوں،پودوں کی نرسریوں اور دیگر ذرائع کے علاوہ درختوں کے خلا اور سوراخوں کو اچھے طریقے سے بند کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے اینڈرائڈ فونز کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے رپورٹ کریں۔