ایف ڈی اے میں افسر شاہی کا راج کروڑوں نذرانے جمع کئے جانے کا انکشاف
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں افسر شاہی کا راج ماہانہ کروڑوں روپے کے نذرانے جمع کیے جانے کا انکشاف۔۔۔۔
نذرانے نہ دینے والے چند ایک ڈویلپرز کے خلاف محدود کارروائیاں ، ایف ڈی اے میں 60 سال عمر پوری کرکے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو کنٹریکٹ دلوا کر نوکریاں دیدی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں افسر شاہی اور غیر متعلقہ افراد کا راج ہے ، ایف ڈی اے دفتر میں سرکاری ملازمین کی بجائے پرائیویٹ افراد زیادہ بااثر ہیں، مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کی ملی بھگت سے ماہانہ کروڑوں روپے کے نذرانے جمع کیے جاتے ہیں۔ سابق ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد علی کی سفارش پر 60 سال عمر پوری کرکے ریٹائر ہونے والے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی کو فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کنٹریکٹ پر پبلک ریلیشن آفیسر تعینات کروایا گیا جو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اثر و رسوخ سے سیٹ پر موجود ہے ،سبحان علی کی تعیناتی سے اہل اور مستحق ملازمین کی حق تلفی ہورہی ہے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ افسران کو مبینہ طور پر معاملات طے کروانے والے ملازمین ہی پسند ہیں ۔ترجمان ایف ڈی اے کی جانب سے فرضی کارروائیوں کی تشہیر کی جاتی ہے ، ایف ڈی اے کی آفیشل ویب سائیٹ کے مطابق فیصل آباد میں کل 784 کالونیاں موجود ہیں جن میں سے صرف 179 کالونیاں منظور شدہ ہیں، باقی 605 غیر منظور ہونے کی وجہ سے غیر قانونی ہیں لیکن ان میں سے صرف چند ایک کے خلاف ہی کارروائیاں کی جاتی ہیں، جو ڈویلپرز نذرانے نہیں دیتے صرف ان کی تعمیرات ہی مسمار کی جاتی ہیں ،حقیقت میں تمام غیر منظور شدہ کالونیوں میں پلاٹوں کی خرید و فروخت جاری ہے جس سے شہری لٹ رہے ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری سے بارہا رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے موقف دینے سے گریز کیا۔