شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس خدمت مرکز کا قیام

شہریوں کی سہولت کیلئے پولیس خدمت مرکز کا قیام

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کو خدمات اور سروسز کی فراہمی کے لئے ایک اور سنگ میل طے کر لیا گیا۔

ایک ہی چھت تلے شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، گمشدگی رپورٹ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا، کمیونٹی سینٹر، ڈرائیونگ سکول، ٹرانس جینڈر وائلنس سیل، مصالتی سنٹر سمیت مختلف سروسز فراہم کرنے کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ خدمت مرکز قائم کردیاگیا۔ محکمہ پولیس سے متعلقہ مختلف سروسز کی فراہمی کے لئے شہریوں کو ایک سے دوسرے دفتر میں خوار ہونے سے بچانے کے لیے ایک ہی چھت تلے مختلف سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ جبکہ خدمت مرکز سے حاصل ہونے والے ریونیو کو دوبارہ سے عوامی سہولیات اور خدمات پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ضلع کچہری روڈ پر آر پی او آفس کے ساتھ موجود سابقہ ایس ایس پی آپریشنز آفس کی بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کرتے ہوئے خدمت مرکز قائم کیا گیا ہے ۔

خدمت مرکز کو پولیس حکام کی جانب سے مختلف پورشنز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلے حصے میں شہریوں کو ایف آئی آر کی کاپی، گمشدگی رپورٹ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا، گاڑیوں کی ویری فکیشن، کرائم رپورٹنگ، ملازمین کے اندراج سمیت مختلف سروسز فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ دوسرے حصے میں کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس جنرل ویریفکیشن، وویمن وائلنس رپورٹ، بچوں کی گمشدگی رپورٹ اور ٹرانس جینڈر وائلنس سے متعلق شکایات کا اندراج کروایا جا سکے گا۔ تیسرے حصے میں ٹریفک سروسز میں شہریوں کو فریش لرنر لائسنس کا اجرا، پہلے سے جاری شدہ لرنر لائسنس کا ری نیووال، اور انٹرنیشنل لائسنس کے اجرا سمیت مختلف سروسز فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ ٹریفک سروسز ایریا میں ہی شہریوں کو کار اور موٹرسائیکل ڈرائیونگ سکھانے کے حوالے سے فیصل آباد میں پہلی بار سیمولیٹر مشینوں کی تنصیب کی گئی ہے ۔ جبکہ اس کے ساتھ ہی مختلف نوعیت کے معمولی جھگڑوں، تصادم اختلافات اور دیگر نوعیت کے معاملات کو سلجھانے کے لئے خدمت مرکز میں ہی مصالحتی اور کمیونٹی سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے ۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس سروسز میں بہتری لانے اور شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے آئی ٹی ایکسپرٹس اور پبلک ڈیلنگ میں اعلیٰ معیار رکھنے والے افسروں اور ملازمین کو خدمت مرکز میں تعینات کیا جائے گا۔ سٹی پولیس آفیسر کے مطابق جلد سٹیٹ آف دی آرٹ خدمت مرکز کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے شہریوں کو سروسز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنا دی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں