ایک سال میں دل کے مریضوں میں 30فیصد اضافہ،طبی ماہرین نے صورتحال تشویشناک قرار دیدی
فیصل آباد(بلال احمد سے )ایک سال کے دوران دل کے مریضوں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ ہوگیا۔ 8ماہ میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی فیصل آباد میں 7 لاکھ سے زائد مریض رجسٹر ہوئے ۔
طبی ماہرین نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے عوام کو خبردار کردیا ۔جنوری 2024ء سے اگست تک 8 ماہ کے دوران مجموعی طور پر ساڑھے سات لاکھ مریض فیصل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں خود کو رجسٹرڈ کروا چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال 12 مہینوں میں یہ تعداد تقریبا 9 لاکھ 13 ہزار تھی۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال پاکستان میں اڑھائی لاکھ کے قریب افراد دل کے عارضہ میں مبتلا ہو کر موت کی آغوش میں چلے جاتے ہیں۔ جس کے بنیادی وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر، موٹاپا، غیر متوازن غذا، چکنائی، بازاری کھانے اور نقل و حرکت سے عاری معمولات زندگی ہیں۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق ملک بھر میں دل کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جس میں بڑی شرح نوجوانوں کی ہے ۔ ورزش کی کمی، کھیل سمیت دیگر جسمانی سرگرمیوں کے فقدان سے بیماری کا پھیلاؤ بڑھتا جا رہا ہے جس سے بچاؤ کے لیے چہل قدمی اور جسمانی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ متوازن غذا کو بھی معمول بنانا ہوگا۔ ایم ایس ایف آئی سی ڈاکٹر ندیم کے مطابق رواں سال اب تک 6 ہزار سے زائد مریضوں کی انجیوگرافی جبکہ 500 سے زائد افراد کا بائی پاس کیا جا چکا ہے ۔ اسے سلسلہ میں گزشتہ روز فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔ ڈاکٹر فیصل کی جانب سے سی سی یو وارڈ میں داخل مریضوں میں پھلوں کی ٹوکریاں بھی تقسیم کی گئیں۔