تھانوں ، پولیس چوکیوں کے بیشتر کیمرے خراب اور غیر فعال
فیصل آباد(عبدالباسط سے )مختلف تھانوں اور پولیس چوکیوں میں مانیٹرنگ کیلئے نصب کیمروں میں سے متعدد کیمرے خراب اور غیر فعال ہونے کا انکشاف۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد ضلع بھر کے تھانہ جات اور پولیس چوکیوں میں تعینات افسران اور ملازمین کی کارکردگی کو جاننے ، حوالات میں بند ملزمان کی مانیٹرنگ اور تھانہ جات میں ہونے والی ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے اعلی حکام کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام عمل میں لایا گیا تھا اور ان کیمروں کی مدد سے آئی جی پنجاب، آر پی او، سٹی پولیس افسران اور ڈی پی اوز کے دفاتر میں قائم مانیٹرنگ اور آئی ٹی رومز میں مانیٹرنگ کی جاتی تھی ۔ اس کے علاوہ تھانہ جات اور پولیس چوکیوں میں موجود مال مقدمہ جات اور دیگر سامان اور اشیاء کی سکیورٹی اور سیفٹی کا کام بھی انہیں کیمروں کی مدد سے لیا جا رہا تھا ، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کیمروں کی مانیٹرنگ اور نگہداشت کے کام میں پولیس افسران اور ملازمین کی مبینہ طور پر سست روی کی وجہ سے متعدد کیمرے غیر فعال اور خراب ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تھانوں اور چوکیوں میں تعینات افسران اور ملازمین نے مبینہ طور پر اپنی سرگرمیوں، بے ضابطگیوں کو اعلیٰ افسران کی نظر سے چھپانے کے لئے خود کیمروں کو غیر فعال اور خراب کیا جس کی وجہ سے مال مقدمہ کے سامان اور دیگر قیمتی اشیاء کے غائب اور چوری ہونے کے واقعات بھی آئے روز ہونے لگے ۔ شہریوں اور دیگر افراد کی جانب سے مطالبات کرنے کے باوجود بھی ان کیمروں کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لئے مبینہ طور پر کوئی مؤثر اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔تاہم سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کے مطابق پولیس شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔