الائیڈ ہسپتال ون کی نااہل انتظامیہ ، کروڑوں مالیتی 15 وینٹی لیٹر تباہ

الائیڈ ہسپتال ون کی نااہل انتظامیہ ، کروڑوں مالیتی 15 وینٹی لیٹر تباہ

فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال ون کی نااہل انتظامیہ نے کروڑوں روپے مالیت کے 15 وینٹی لیٹرز تباہ کردیئے ۔

تفصیلات کے مطابق الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد کی انتظامیہ کو حکومت نے کورونا کے دنوں میں مریضوں کی سہولت کیلئے لاکھوں روپے مالیت کے 15 سٹیٹ آف دی آرٹ اور پورٹیبل خصوصیات کے حامل وینٹی لیٹرز فراہم کیے جو کورونا وارڈ میں نصب کرکے استعمال میں لائے گئے اور بعدازاں تمام وینٹی لیٹرز اٹھا کر آئی سی یو کے ایک کونے میں پھینک دیئے گئے جہاں تقریبا دو سال سے عدم استعمال کے باعث مانیٹرز اوردیگر سامان کباڑ کی مانند نظر آنے لگا ۔ ذرائع کے مطابق ایک وینٹی لیٹر کی اوسط قیمت 30 سے 40 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے تاہم الائیڈ ہسپتال انتظامیہ نے مفت میں ملنے والی مشینوں کا حال برا کر دیا۔ الائیڈ ہسپتال کے آئی سی یو میں اس وقت صرف 9 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں جو کروڑوں افراد پر مشتمل آبادی کے لیے آٹے میں نمک برابر بھی نہیں ۔ نجی ہسپتالوں میں وینٹی لیٹر کی سہولت کی ایک دن کی فیس 30 ہزار سے 1 لاکھ روپے تک وصول کی جاتی ہے ،انتظامیہ کی نااہلی کے باعث مریضوں اور عام عوام میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر عظمت محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ ایم ایس الائیڈ ہسپتال ڈاکٹرمحمد فہیم یوسف کے مطابق مذکورہ وینٹی لیٹرز کو عام استعمال میں نہیں لایا جا سکتا۔ جبکہوائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر چودھری نے جگہ اور عملے کی کمی کو مذکورہ وینٹی لیٹرز کے عدم استعمال کی وجہ بتاتے ہوئے معاملہ ہی گول کردیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں