کاشتکاروں کے مسائل کو احسن انداز میں حل نہیں کیا گیا:گورنر
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر،سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے کہا ہے کہ پچھلے سال زراعت میں 6.6فیصد ترقی ہوئی جبکہ چھوٹے کاشتکاروں کی دستگیری اور زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے نہ صرف خودکفالت کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔۔
بلکہ کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے ، بدقسمتی سے چھوٹے کاشتکاروں کے مسائل کو احسن انداز میں حل نہیں کیا جا سکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 28ویں کانووکیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کانووکیشن میں 2023ء میں پاس ہونے والے 9194 طلبا و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر 26طلباء کو گولڈمیڈل، 61 کو سلور اور 20 کو براؤنز میڈل سے نوازا گیا، 124 طلبا و طالبات کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں عطا کی گئیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے ، ہمیں معاشرے میں اخلاقی تربیت کے حوالے سے بھی اقدامات کرنا ہوں گے کیونکہ معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے اور ہمیں اختلاف رائے میں تحمل و بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے علمی بنیادوں پر اظہار خیال کرنے کی فضا کو پروان چڑھانا ہو گا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ گزشتہ 15سالوں میں پنجاب و وفاقی حکومت کی مالی معاونت سے زرعی یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں 40ارب کی خطیر رقم سے 36لاکھ سکوائر فٹ اضافہ ہوا ہے جو کہ 1906ء سے 2008ء تک انفراسٹرکچر کے مقابلہ میں کہیں زیادہ ہے ۔ اس موقع پر ایلومنائی میٹ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے ۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات محمد طارق اور سینئر ایلومنائی حافظ عبدالقیوم نے بھی خطاب کیا