آٹا مقررہ قیمت سے مہنگا فروخت کرنیوالی 5دکانیں سیل
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر علی عمران نے آٹا کی مقررہ قیمت پر فروخت کی خلاف ورزی پر دکانداروں کو 2 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ،پانچ دکانیں سیل اور دو دکانداروں کو گرفتار کرادیا۔
انہوں نے مختلف دکانوں پر آٹا کی دستیابی اور قیمتوں کو چیک کیا اور خلاف ورزی پرموقع پر ہی ایکشن لیا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے بتایا کہ ضلع فیصل آبادمیں 10 اور 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ہورہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلہ 805روپے میں فروخت ہورہا ہے انہوں نے واضح کیا کہ گندم یا آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اورناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں وسیع گندم کا ذخیرہ موجودہے اور قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔