شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا دی گئی:آصف رحیم بٹ
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈسٹر کٹ ٹریفک آفیسر آصف رحیم بٹ نے کہا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے آنے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔۔۔
لائسنس برانچ کا عملہ ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے ، اپنے دفتر میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ قوانین کے مطابق تحریری اور پریکٹیکل ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ ٹریفک اشاروں کے امتحان میں کامیابی حاصل کر نے والے افراد کو کمپیو ٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جارہے ہیں، ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہریوں کی شکایات کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے چیک اینڈ بیلنس کا جدید نظام وضع کیا گیا ہے جس کے تحت ریکارڈنگ کیلئے کیمرے نصب ،جبکہ صو بائی کنٹرول روم سے ہر شہری سے اس کے موبائل فون پر کال کر کے کسی بھی قسم کی شکایت یا عملہ کی کرپشن بارے معلومات حاصل کی جاتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ آج تک مقامی شہریوں کی طرف سے کبھی بھی ٹریفک عملہ کیخلاف کو ئی شکایات درج نہیں کروائی گئی ،انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ لائسنس بنوانے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کو ئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا۔