فضائی سفر، چیمبر کے پلیٹ فارم سے قائمہ کمیٹی بنے گی

 فضائی سفر، چیمبر کے پلیٹ فارم سے قائمہ کمیٹی بنے گی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد جیسے صنعتی اور برآمدی شہر سے آنے اور جانے والے فضائی مسافروں کے مسائل کے حل کیلئے چیمبر کے پلیٹ فارم سے قائمہ کمیٹی قائم کی جائے گی۔

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدر شاہد ممتاز باجوہ نے ایگزیکٹو ممبر ندیم اقبال کی قیادت میں چیمبر کا دورہ کرنے والے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے بڑی تعداد میں لوگ بیرون ملک جاتے ہیں اور یہاں اس صنعت کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے وفاقی سطح پر حکومت اور حکومتی اداروں سے رابطوں کے علاوہ اس شعبہ سے وابستہ افراد کی مشاورت بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت فیصل آباد سے دوبئی کیلئے فلائی دوبئی کی روزانہ 2 پروازیں چل رہی ہیں لہٰذا اِن کے مسافروں کیلئے بزنس کیبن بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ فیصل آباد سمیت مختلف ہوائی اڈوں میں مسافروں کیلئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ڈیٹا مہیا کرے تاکہ چیمبران معاملات کو متعلقہ وزارتوں کی سطح پر اٹھا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں