ٹوبہ :معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو نے محکمہ سوشل ویلفیئر آفس میں معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کئے۔۔۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئررائے عبد الشکور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 1798 معذور افراد رجسٹرڈ ہیں، محکمے کو حکومت پنجاب کی جانب سے 1122 ہمت کارڈز وصول ہو چکے ،جن میں 859 سے زائد کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں،باقی کارڈ ڈسٹربیوشن سینٹرز کے ذریعے معذور افراد میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نعیم سندھو نے کہا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے معذور افراد کو ہر تین ماہ بعد 10ہزار500 روپے فراہم کیے جائیں گے ، معذور افراد اس کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کروائیں، اس کیلئے پہلے سرکاری ہسپتال سے معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کریں، پھر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اپنا اندراج کروائیں اور آخر میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے دفاتر سے رابطہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے نے ہدایت کی کہ ڈسٹری بیوشن سینٹرز میں آنے والے افراد کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں، بیٹھنے کے لیے مناسب جگہ اور پینے کے پانی کی سہولت یقینی بنائی جائے ، معذور افراد کسی بھی لحاظ سے صلاحیت میں کم نہیں، معذور افراد کی تھوڑی سی توجہ اور رہنمائی کی جائے تو انہیں معاشرے کا بہترین شہری بنایا جا سکتا ہے ۔