عبداللہ پور فلائی اوور کے مخصوص حصوں پر آہنی جنگلہ لگانے ، سپیڈ بریکر بنانے کا فیصلہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر،سٹاف رپورٹر،سٹی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور کا دورہ کیا۔
۔انہوں نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا، چیف انجینئر مہر ایوب، سینئر ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید، ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ عمر اقبال، محمد عمران ودیگر افسران کے علاوہ کنوینر روڈ سیفٹی، ٹریفک مینجمنٹ اینڈ انجینئرنگ کمیٹی میاں افتخار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر تکنیکی و فنی طریقوں کا جائزہ لیتے ہوئے فلائی اوور کے موڑ پر حفاظتی دیوار کے مخصوص حصوں پر مضبوط آہنی جنگلہ لگانے اور ربڑ کے سافٹ سپیڈ بریکر نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ عوامی آگاہی کے لئے روڈ سائن کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائیگا تاکہ گاڑیوں کی رفتار کو مقررہ حد میں رکھنے کا احساس اجاگر ہو سکے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے فلائی اوور پر گزشتہ روز موٹرسائیکل کے مہلک حادثات پر گہرے دکھ وصدمے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے المناک حادثات کو روکنے کے لئے ہمہ نوعیت کے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں ۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ کے لئے پٹرولنگ کے علاوہ فلائی اوور کے دونوں اطراف ٹریفک وارڈنز بھی مامور ہوں گے ۔ انجینئر امجد سعید نے فلائی اوور کی ڈیزائننگ بارے بتایا کہ یہ انٹرنیشنل معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا۔ محمد آصف چودھری نے حفاظتی جنگلہ نصب کرنے کے کام کو فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ۔