ڈپٹی کمشنر کا انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی لانے کا حکم

 ڈپٹی کمشنر کا انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی لانے کا حکم

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر،سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی لانے کا حکم دیا اور زیرالتواء شکایات کو 24 گھنٹے میں حل کرنے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہر بھر میں انسداد ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیتے ہوئے چاروں ٹاؤنز کو سویپ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں فیلڈ میں لاروا کی افزائش گاہوں کا صفایا کرتی نظر آنی چاہیں اس ضمن میں لاپروائی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ کام چوروں کا ضلع سے بوریابستر گول کردیا جائے گا۔انہوں نے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس میں بھی تیزی لانے کی ہدایت کی اور پی ایچ اے کو پارکس میں انسدادی اقدامات کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ہاٹ سپاٹس کو روزانہ دو بار چیک کریں اور اگر کسی جگہ غفلت سامنے آئی تو سخت محکمانہ ایکشن سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان کو تنبیہہ کی کہ دفاتر میں صفائی ستھرائی کے ساتھ چھتوں کو متواتر چیک کریں اور کاٹھ کباڑ کو فوری تلف کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لاروا کی افزائش گاہوں کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے اس ضمن میں معمولی سی بھی کوتاہی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو فرضی کارروائیاں کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی اجلاس میں اینڈرائڈ موبائل فون یوزرز کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں