پولیو سے پاک معاشرے کی ذمہ داری سب کی : ڈاکٹر اسفند

 پولیو سے پاک معاشرے کی ذمہ داری سب کی : ڈاکٹر اسفند

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسفندیار نے کہا ہے کہ پولیو سے پاک معاشرے کی ذمہ داری ہر ایک کے کندھے پر ہے اور ہم نے اسے ہرصورت نبھانا ہے۔۔۔

 انہوں نے کہا کہ ضلع میں انسداد پولیو کے حوالے سے پختون کمیونٹی سمیت تمام محکموں واداروں اور کمیونٹی کے جاندار کردار کو بھی نظر اندازنہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے یہ بات انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر کوم سیٹ یونیسف کے اشتراک سے ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران،یونیسف کے عہدیداران،علما کرام،پختون نمائندے ،ضلعی محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔سی ای او نے کہا کہ پولیو مہلک مرض ہے جو ہمارے بچوں کو معذوری کا شکار کرسکتا ہے ہمیں اس بیماری کو جڑ سے ختم کرنے کا عہد کرنا ہے ۔انہوں نے ضلع میں انسداد پولیو کی ہر مہم میں تمام سٹیک ہولڈرز کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے تعاون سے ہی مہم کے سو فیصد اہداف مکمل ہوتے ہیں آئندہ بھی اسی طرح خدمات فراہم کی جائیں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ بچوں کو ہر مہم میں انسداد پولیو قطرے ضرورپلوائیں اور موذی مرض سے بچائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں