اشیاء کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ برداشت نہیں :ڈی سی جھنگ

 اشیاء کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ برداشت نہیں :ڈی سی جھنگ

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں،متعلقہ محکمے اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ روزمرہ کے استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جائے ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی انسپکشن بڑھائیں،اسسٹنٹ کمشنرز روزانہ کی بنیاد پر علی الصبح سبزی و فروٹ منڈیوں کا دورہ کریں ۔دریں اثنا ء انہوں نے انسداد پولیو مہم بارے پیشگی اقدامات اور انسداد ڈینگی کی جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینے سے متعلق مشترکہ اجلاس کی صدارت بھی کی ، اس موقع پر علی اکبربھنڈرنے کہا ہے کہ تمام متعلقہ افسران انسداد ڈینگی ٹیموں کی نگرانی موثر انداز سے کریں،پولیو مہم 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گی۔اس دوران محکمہ ہیلتھ قطرے پلانے کا ہدف سو فیصد مکمل کرنے کیلئے پولیو ٹیموں کی ٹریننگ سمیت دیگرتمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کریں۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے انسداد ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی اور سرویلنس کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور انسداد پولیومہم کے حوالہ سے بتایا کہ ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمرکے 5 لاکھ 81 ہزار 759 بچوں کو پولیو مہم کے دوران قطرے پلانے کا ہدف دیا گیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں