ریتی بجری کی چوری رک نہ سکی،پولیس ناکام

ریتی  بجری  کی  چوری  رک  نہ  سکی،پولیس  ناکام

کراچی (رپورٹ : آغا طارق)ملیر کے مختلف علاقوں میں کوئلے چوری کا نیٹ ورک قائم ہونے کے بعد ریتی بجری کی چوری بھی شروع ہو گئی۔

ڈپٹی کمشنر ملیر کی جانب سے ریتی بجری کی چوری کے خلاف لکھے گئے خطوط بے اثر ہو گئے ۔گھگھر پھاٹک کے قریب سالار گوٹھ میں دفعہ 144 کے باوجود ریتی بجری کی چوری کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن ،شاہ لطیف، بن قاسم اور میمن گوٹھ تھانے کی حدود میں کوئلہ چوری کے گودام قائم ہونے اور پولیس سے تحفظ کے لیے 5 ہزار روپے فی ٹن بھتہ وصول کرنے کے بعد اب گھگھر پھاٹک کے قریب سالار گوٹھ میں بڑے پیمانے پر ریتی بجری کی چوری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور 24 گھنٹے مسلسل پولیس کی سرپرستی میں ریتی بجری چوری کی جا رہی ہے ۔کچھ دن قبل ملیر پولیس اور ملیر ضلع انتظامیہ میں اختلافات کے باعث ڈپٹی کمشنر ملیر عرفان سلام نے ایس ایس پی ملیر کو خط لکھ کر ریتی بجری چوری روکنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد ریتی بجری کی چوری مکمل طور پر بند ہو گئی لیکن اب اختلافات ختم ہونے کے بعد دوبارہ ملیر میں ریتی بجری کی چوری کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریتی بجری کی چوری میں محکمہ معدنیات سندھ کے افسران بھی شامل ہیں ۔یاد رہے کہ ملیر ندی سے ریتی بجری چوری کے معاملے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی تھی ۔جس کے بعد ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے واقعے سے متعلق ایس ایچ او مائنز اینڈ منرل اور دیگر افسران کو طلب کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا متعلقہ افسران کے بیانات قلمبند کرکے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو رپورٹ پیش کی جانی تھی تاہم یہ رپورٹ تاحال پیش نہیں کی جاسکی۔علاوہ ازیں گھگھر پھاٹک،پاک لینڈ روڈ،سو مار گوٹھ، پورٹ قاسم کالونی کے سامنے کلمتی گوٹھ، وائرلیس گیٹ ،میمن گوٹھ قائم کیے گئے پولیس کی سرپرستی میں کوئلہ چوروں کے گوداموں میں بڑے پیمانے پر پورٹ قاسم سے چوری کیا گیا کوئلہ ذخیرہ کیا جا رہا ہے جہاں پر پولیس کے نام پر 5 ہزار روپے فی ٹن بھتہ وصول کیا جاتا ہے ۔ ملیر میں کوئلہ اور ریتی بجری چوری کے خلاف عوامی احتجاج کو انتظامیہ نے مسترد کر دیا ہے اور آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی ،ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایس پی ملیر ان مافیا زکے خلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں