ایل پی جی کے فروغ کی کوشش،گیس کے مصنوعی بحران کا انکشاف ،صارفین پریشان

ایل پی جی کے فروغ کی کوشش،گیس کے مصنوعی  بحران  کا  انکشاف ،صارفین  پریشان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سوئی سدرن کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے شہر میں گیس کے مصنوعی بحران کاانکشاف ہوا ہے۔۔۔

 گیس کی مصنوعی قلت اور نرخوں میں اضافہ کرکے شہریوں میں گیس کے استعمال کو کم کرنے کی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے تا کہ صارفین میں گیس کے بجائے ایل پی جی کے استعمال کو فروغ دیا جاسکے ۔ ایس ایس جی سی کی جانب سے شہر میں رات 11سے صبح چھ بجے تک گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند کردی جاتی ہے اور گیس پریشر زیرو کردیا جاتا ہے ،اس ضمن میں ایس ایس جی سی کا عملہ مبینہ طور پرمختلف تنصیبات پر جا کر والوز بند کردیتا ہے تا کہ گیس کی فراہمی بند کی جاسکے ،جبکہ دن کے اوقات میں بھی شہریوں نے گیس کی آنکھ مچولی کی شکایات کی ہیں،گیس کی مصنوعی قلت پیدا کرکے شہریوں کو پریشان کیا جارہا ہے ،ایس ایس جی سی عملی کی جانب سے گیس کا والو بند کیا جاتا ہے ۔گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین اولین ترجیح ہونے کے باوجود ایس ایس جی سی حکام کی جانب سے گھریلو صارفین کو ہی گیس کی فراہمی میں مشکلات پید اکی جارہی ہیں،صبح کے وقت اسکول و دفاتر جانے والے سخت متاثر ہوتے ہیں، عوام مہنگائی کے حالات میں بازار سے روزانہ ناشتہ کا سامان خرید خرید کے تھک گئے ہیں،ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے گیس سلنڈرز کا استعمال مشکل ہوگیا ہے ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں