جھنگ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

جھنگ میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

جھنگ،احمد پور سیال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا) مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کیخلاف ملک بھر کی طرح جھنگ،احمد پور سیال میں بھی 27 اکتوبر کا دن بطور یوم سیاہ منایا گیا ۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)خرم شہزاد بھٹی کی زیر قیادت ضلع کونسل آفس سے ریلی نکالی گئی جس میں پولیس سمیت دیگر محکموں کے افسران، ملازمین،میڈیا، طلباء اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔شرکاء نے ہاتھوں میں قومی اور کشمیری پرچم اٹھارکھے تھے ،اس دوران بھارت کیخلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خرم شہزاد بھٹی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالیاں دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکیں، بھارتی ظلم وستم کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے ، پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے ۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ علاوہ ازیں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ نواز اکرم اور سینئر نائب صدر عمر رامے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،عالمی برادری کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلوانے کیلئے کردار ادا کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں