زندگی کا مقصد نیک بندوں کی تقلید ہونی چاہیے ،مولانا بشیر

 زندگی کا مقصد نیک بندوں کی تقلید ہونی چاہیے ،مولانا بشیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نے کہا ہے کہ ہماری زندگی کا مقصد نیک بندوں کی تقلید ہونی چاہیے ۔۔۔

سیلانی اور آئی بی اے کا اشتراک عمل سیلانی کے اسپارک اسٹارٹ کورس کے لیے جدت اور ترقی کا امتزاج ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی بی اے سٹی کیمپس میں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ تعارفی سیشن سیلانی اور آئی بی اے کے اشتراک سے شروع ہونے والے اسپارک اسٹارٹ کورس کے آغاز کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا ۔سیشن سے چیئرمین سیلانی کے مشیر اور ممتاز تاجر امجد چامڑیہ، سیلانی کے ہیڈ آف کلین واٹر پروجیکٹ سید ابو فیصل اور آئی بی اے کے ڈاکٹر عمران خان نے بھی خطاب کیا ۔مولانا بشیر فاروق قادری نے مزید کہا کہ سیلانی کا مشن ہے کہ اس ملک میں کوئی بے روزگار نہ رہے ، کوئی بھوکا نہ سوئے ،کوئی تعلیم کے بغیر نہ رہے اور کوئی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور نہ ہو۔امجد چامڑیہ نے اپنے خطاب میں کورس میں شریک طلبہ و طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنی زندگی سے خوف نکال دیں،تجارت کو پیشہ بنائیں اور کامیابی کے لیے کسی وسوسے کا شکار نہ ہوں تو پھر کامیابی آپ کا مقدر ہے ۔کاروبار ایک مستقل مزاج رویہ کا نام ہے ۔کاروبار کے لیے دولت مند ہونا ضروری نہیں ،آپ کا اچھوتا خیال آپ کو بہترین کاروباری شخصیت بناسکتا ہے ۔سیلانی کے پلیٹ فارم سے پہلے آپ کو آئی ٹی کی جدید تعلیم دی گئی اور اب آئی بی اے کے اشتراک سے آپ بزنس کرنا سیکھیں گے ۔انہوں نے کورس کے آغاز پر سید ابو فیصل اور شاہ زیب پراچہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں