ڈینگی مچھر بے قابو ، 12 ہزار مقامات سے لاروا برآمد ، 200 سے زائد افراد کیخلاف مقدمات

ڈینگی    مچھر    بے    قابو    ،    12    ہزار   مقامات    سے    لاروا    برآمد    ،     200     سے    زائد    افراد    کیخلاف    مقدمات

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈینگی مچھر بے قابو ہونے لگا۔ رواں سیزن ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 53 ہوگئی۔ 12 ہزار مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد، 200 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ۔

پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی ڈینگی مچھر نے اپنے پنجے گاڑنے شروع کردیئے ہیں۔ جس کے بعد شہریوں کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ۔ اب تک الائیڈ ہسپتال ون، الائیڈ ہسپتال ٹو سمیت دیگر علاجگاہوں میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 53 کنفرم کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے بیشتر مریضوں کو علاج معالجے کے بعد گھر بھجوا دیا گیا ۔ پانی کی نکاسی میں غفلت برتنے پر فیکٹری مالکان، دکانداروں اور ہوٹل مالکان کیخلاف مجموعی طور پر 200 سے زائد ایف آئی آرز بھی کٹ چکی ہیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسفند کا کہنا تھا کہ چند ماہ کے دوران معمول سے زائد بارشیں ہوئی ہیں۔ ڈینگی مچھر چونکہ صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے اس لیے موسمی اثرات کے باعث رواں سال ڈینگی کا چیلنج گزشتہ سال سے زیادہ ہے تاہم اس پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے مختلف علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیمیں سروے کرتی اور لاروا کی تلفی کیلئے اقدامات کیے جاتے ہیں اینٹی ڈینگی سپرے بھی کروائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو مچھر کے خاتمے میں انتظامیہ کا ساتھ دینے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ سب سے اہم ماحول کو صاف رکھنا ہے شہری محکمہ صحت کی ہدایات پر عملدرآمد کریں تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں