ٹریفک پولیس اہلکاروں نے گاڑیوں کے آن لائن چالان کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا

ٹریفک    پولیس    اہلکاروں    نے    گاڑیوں    کے   آن   لائن    چالان    کو   کمائی    کا    ذریعہ    بنا    لیا

فیصل آباد(عبدالباسط سے )ٹریفک پولیس اہلکاروں کی جانب سے گاڑیوں کے آن لائن چالان کے عمل کو مبینہ طور پر کمائی کا ذریعہ بنا لیا گیا، چالان کی رقوم کی ادائیگی کیلئے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کو اپنے ساتھ رکھ لیا گیا جو شہریوں سے اضافی پیسے بھی طلب کرنے لگے۔۔۔

ٹریفک پولیس اہلکاروں کی یومیہ ہزاروں روپے ‘‘دیہاڑی’’لگنے لگی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ شہر کی شاہراہوں پر کاروں، موٹرسائیکلوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں کا رش بڑھتا جا رہا ہے اورٹریفک کا جام رہنا بھی معمول بن چکاتاہم ٹریفک پولیس افسروں اور اہلکاروں کی جانب سے اقدامات اٹھانے کی بجائے مبینہ طور پر اپنے ٹارگٹ کے حصول کیلئے چالان کرنے کی طرف زیادہ توجہ مرکوز ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار ڈیوٹی شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں ناکے لگا کرہر گاڑی کو روک کر اس کا چالان کر دیتے ہیں، اہلکاروں کو چالان ٹارگٹ پورا کرنے کی صورت میں تنخواہوں کے علاوہ اضافی بونس بھی ادا کئے جاتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ ٹریفک چالان کا سسٹم آن لائن ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اہلکاروں نے ناکہ جات پراپنے ساتھ پرائیویٹ افراد کو بھی رکھا ہوا ہوتا ہے جو شہریوں کی گاڑیوں کے چالان ہونے پر ان کے چالان کی رقوم کی ادائیگی اپنے بینک اور موبائل اکاؤنٹ سے کروا دیتے ہیں اور چالان کی رقم کے علاوہ 50سے 80روپے اضافی وصول کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر یومیہ ہزاروں روپے کمانے کا سلسلہ مہینوں سے جاری ہے اورمتعدد بار حکام کو شہریوں نے شکایات کا اندراج بھی کروایا لیکن ٹریفک اہلکاروں کی جانب سے پرائیویٹ افراد رکھنے کا سلسلہ نہ تھم سکا ۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق نظام ٹریفک کو بہتر بنانے کیلئے فیصل آباد ٹریفک پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں